جہلم: بیکریوں کا سامان بنانے والے کارخانوں میں ناقص صفائی ستھرائی کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ

جہلم شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں قائم سویٹس ودیگر بیکریوں کا سامان بنانے والے کارخانوں میں ناقص صفائی ستھرائی کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کی عدم دلچسپی کے باعث مضر صحت اشیاء کی فروخت میں روز بروز اضافہ ہو رہاہے، جبکہ چینی کی جگہ مبینہ طور پر سکرین استعمال کر کے مٹھائیاں تیار اور فروخت کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب دکانداروں نے زائد المیعاد اشیاء جن پر مدت کی کوئی تاریخ درج نہیں ہوتی دھڑلے سے فروخت شروع کررکھی ہے جو کہ قانوناً جرم ہے مگر یہ کام سر عام دیدہ دلیری کے ساتھ ہو رہا ہے۔
شہریوں کے احتجاج کے باوجودپنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ دارن سویٹس اور بیکرز کے کارخانوں پر چیکنگ کرنے کی بجائے سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوا کر افسران کو مطمئن کر دیتے ہیں۔
شہریوںنے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ شہر سمیت ضلع بھر میں قائم سویٹس و بیکرز کے کارخانوں کی بلا تفریق چیکنگ کروائی جائے ،ناقص صفائی ستھرائی کے انتظامات سمیت مضر صحت اشیاء تیار کرنے اور فروخت کرنے والے مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ شہری حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق بیکری اشیاء اور سویٹس خرید کر بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔



