موسم سرما کی آمد کے ساتھ لنڈا بازار کی رونقیں بحال، مہنگائی سفید پوش طبقے کی امیدیں سرد کر دیں

جہلم: موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی جہلم شہر کے لنڈا بازاروں کی رونقیں دوبالا ہو گئی ہیں، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد کوٹ، سویٹرز، گرم ملبوسات، رضائیاں، کمبل، گرم لحاف اور شوز کی خریداری میں مصروف دکھائی دے رہی ہے۔
بازاروں میں عوام کا خاصہ رش دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ غریب، محنت کش اور سفید پوش طبقہ اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنے کے لیے لنڈا بازاروں کا رخ کر رہا ہے۔
بازار میں خواتین، بچوں اور بچیوں کی کثیر تعداد خریداری کے دوران بھاؤ تاؤ کرتے نظر آتی ہے۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سال لنڈا بازار بھی مہنگائی کی زد میں آ چکا ہے، جہاں سیکنڈ ہینڈ کپڑوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
لنڈا بازار کے دکانداروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ غیر ملکی گانٹھوں کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھنے کے باعث کپڑوں کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خریداروں کی تعداد میں اضافہ ضرور ہوا ہے لیکن منافع کے تناسب میں کمی واقع ہو رہی ہے۔
دوسری جانب خواتین خریداروں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں بے جا اضافہ اور متعلقہ اداروں کی عدم نگرانی کے باعث دکاندار اپنی من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو فوری طور پر نوٹس لے کر لنڈا بازاروں میں قیمتوں پر چیک اینڈ بیلنس کا نظام فعال بنانا چاہیے تاکہ غریب طبقہ بھی موسمِ سرما میں خود کو سردی سے محفوظ رکھ سکے۔



