جہلم کے اساتذہ کو چھٹیوں میں فلمیں دیکھنے کی ہدایت کرنے والا ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بحال

جہلم میں اساتذہ کو چھٹیوں میں فلمیں دیکھنے کی ہدایت کرنے والے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو وزیر تعلیم کے حکم پر بحال کر دیا گیا، صوبائی وزیر تعلیم نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے بحالی کے آرڈر ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے اساتذہ کو گرمیوں کی تعطیلات کے دوران فلمیں دیکھنے کی ہدایت جاری کرنے والے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راؤ عبدالکریم کو معطلی کے پانچ روز کے بعد بحال کر دیا ہے، اس ضمن میں ڈی سی آفس سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
چند روز قبل جہلم کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راؤ عبدالکریم نے اساتذہ کو گرمیوں کی تعطیلات کے دوران ہالی ووڈ اور بالی ووڈ فلمیں دیکھنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ اساتذہ کو بالی ووڈ کی فلمیں تارے زمین پر، ہچکی، بلیک، میں ہوں کلام، سوادیس جبکہ ہالی ووڈ فلمیں اے بیوٹی فل مائنڈ، فورسٹ گمپ، تھیوری آف ایوری تھنگ، پارٹ آف ہیپی نیس، گُڈ ڈایناسور، وال ای، گڈ وِل ہنٹنگ، گریٹ ڈیبیٹرز، اسپرٹ، اَپ اور اسپرٹڈ اوے جیسی فلمیں دیکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

تا ہم محکمہ تعلیم کے آرڈر کی کاپی سوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم نے نوٹس لیا اور نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا جبکہ متعلقہ آفیسر کیخلاف انکوائری مکمل ہونے کے بعد معطل کردیا گیا اور اساتذہ کو گرمیوں کی چھٹیوں میں فلمیں دیکھنے کا ٹاسک تبدیل کر کے محکمہ تعلیم جہلم نے نیا آرڈر جاری کر دیا، بھارتی اور ہالی وڈ فلمیں دیکھنے کے حکم نامے کو واپس لےلیا تھا۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راؤ عبد الکریم کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے فوراً بعد جہلم کے ڈپٹی کمشنر نے نوٹیفکیشن کو سرکاری طور پر منسوخ کر دیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مذکورہ نوٹیفکیشن کے حوالے سے تنقید کی گئی تھی۔

بعد ازاں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ڈپٹی کمشنر جہلم کی جانب سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راؤ عبد الکریم کو معطل کرنے پر ڈپٹی کمشنر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ صوبائی وزیر تعلیم بھی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے حق میں میدان میں آ گئے تھے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جہلم کے حق میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر ایک صارف کی پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی ڈی او راؤ عبدالکریم ہمارے ہیرو ہیں، تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے لگن کی ایک مثال ہیں۔
I connected with the DC Jhelum last night and had a productive conversation with the Deputy DEO Jhelum Rao Abdul Karim. He’s our hero and a shining example of dedication to enhancing the quality of education. We deeply appreciate individuals like him who think creatively &… https://t.co/W5xMuxd0VD
— Rana Sikandar Hayat (@RanaSikandarH) June 5, 2024
صوبائی وزیر رانا سکندر نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ راؤ عبدالکریم اساتذہ کے معیار اور تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لئے کوشش کرتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی سے رابطہ ہوا تھا، آج شام تک راؤ عبدالکریم کو بحال کردیا جائے گا۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کو ڈپٹی ڈی او راؤ عبدالکریم کو بحال کرنے کی سفارش کی تھی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کی جانب سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راؤ عبد الکریم کو بحال کرنے کے بعد صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس اور فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی ڈی ای او جہلم کو بحال کر دیا گیا ہے۔ تعلیمی نظام کی بہتری چاہئے اور اس سلسلے میں کوشاں ہر ہر شخص کے ساتھ کھڑا ہوں۔
Deputy DEO Jehlum is reinstated. Let’s nurture a culture that celebrates creative and out-of-the-box thinking, and embraces innovative approaches to educator development and learning. By doing so, we can create a conducive learning environment and ensure equitable access to… https://t.co/W5xMuxdyLb pic.twitter.com/5b67m3GIhV
— Rana Sikandar Hayat (@RanaSikandarH) June 6, 2024
انہوں نے کہا کہ آئیں ایک ایسی ثقافت کو پروان چڑھائیں جو تخلیقی، اساتذہ کی ترقی اور سیکھنے کے لیے اختراعی طریقوں کو اپنائے۔ ایسا کرنے سے ہم سیکھنے کا ایک سازگار ماحول بنا سکتے ہیں اور سب کے لیے تعلیم تک مساوی رسائی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔



