ضلع جہلم میں عید الاضحیٰ پرجانوروں کی خریدوفروخت کیلئے 5 مویشی منڈیاں قائم

جہلم: عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے مویشیوں کو خرید نے کے لیے ضلع بھر میں 5مویشی منڈیاں قائم کر دی گئیں، ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی کے حکم پر منڈیاں سجادی گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر میں جگہ جگہ قربانی کے لیے مویشی فروخت کرنے والوں نے اپنے مویشی لارکھے ہیں جس سے نہ صرف شہر میں گندگی بلکہ بیماریاں بھی پھیل رہی تھیں جس پر حکومت پنجاب کے احکامات پر ڈی سی سیدہ رملہ علی نے ضلع بھر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر5 مویشی منڈیاں قائم کر کے شہر میں لگائی گئیں تمام مویشی منڈیوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا حکم جاری کیا۔
جہلم میں مویشی منڈی برلب جی ٹی روڈ کالا گجراں فوجی مل گراؤنڈ میں قائم کردی گئی ہے جس کی صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال کے لیے میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر ، چیف سینٹری انسپکٹر اور سینٹری سٹاف کے ہمراہ فوجی مل گراؤنڈ کو صاف کر کے شامیانے لگوادیئے ہیں۔
ضلع بھر کی تمام مویشی منڈیوں میں ویٹرنری ڈاکٹرز کے کیمپ بھی لگادیے گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے خریداروں کی شکایات کے اذالے کے لئے ایک شکایت سیل بھی قائم کیا گیاہے۔ مویشی منڈی میں خریداروں کی سہولت کو مدنظررکھتے ہوئے منڈی میں پانی،روشنی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے بتایا کہ تحصیل دینہ میں 2 مویشی منڈیاں، تحصیل جہلم، تحصیل سوہاوہ اور پنڈ دادنخان میں ایک ایک مویشی منڈی لگائی گئی ہے جبکہ ان منڈیوں میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ کے احکامات پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مویشی خریداری کے لئے آنے والے گاہکوں اور بیوپاریوں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کیا جائے۔



