شہید انسپکٹر سکندر اعظم کی 27ویں برسی پر جہلم پولیس کا خراج عقیدت

سوہاوہ: شہید انسپکٹر سکندر اعظم کی 27ویں برسی کے موقع پر تھانہ ڈومیلی کے علاقہ میں واقع شہید کی آخری آرام گاہ پر جہلم پولیس کی جانب سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی سوہاوہ اکرام اللہ خان نیازی، ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور دیگر پولیس افسران نے شہید کی لحد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

اس موقع پر جہلم پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید انسپکٹر سکندر اعظم کو سلامی پیش کی۔

یاد رہے کہ انسپکٹر سکندر اعظم نے 1 جون 1998 کو ضلع گجرات میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ ان کی بہادری، فرض شناسی اور قربانی کو آج بھی خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ "پولیس شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے اپنے آج کو ہمارے کل پر قربان کر کے یہ ثابت کیا کہ پولیس فورس ملک و قوم کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء پولیس کی فیملیز ہماری اولین ذمہ داری ہیں، جنہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور محکمہ پولیس کا حصہ رہیں گے، رہتی دنیا تک۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button