پنجاب بھر کے سینکڑوں ہائی سکولوں کو ہائر سکینڈری کا درجہ دینے کا فیصلہ

جہلم سمیت پنجاب بھر کے سینکڑوں ہائی سکولوں کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے بعد طلباء و طالبات اپنے متعلقہ اداروں سے ہی ایف اے اور ایف ایس سی کے امتحانات دے سکیں گے۔
متعلقہ حکام نے ہائی سکولوں کی اپ گریڈیشن کے لیے اداروں سے ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ اپ گریڈیشن کے عمل میں سکول کی عمارت، دستیاب جگہ اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ہائی سکولوں کے سربراہان سے ادارے کے بارے میں مکمل رپورٹ طلب کی گئی ہے جبکہ تھرڈ پارٹی کے معائنہ کے بعد ہی سکولوں کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں ہائی سکولوں کی تعداد تقریباً چھ ہزار ہے جن میں سے اب تک پانچ ہزار آٹھ سو سکول اپنا ڈیٹا فراہم کر چکے ہیں جبکہ 795 ہائی سکولوں نے مناسب جگہ دستیاب ہونے کی صورت میں اپ گریڈیشن کی خواہش ظاہر کی ہے۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہائی سکولوں کو ہائر سیکنڈری کا درجہ ملنے سے طلباء کو اپنے علاقوں میں ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی سہولت میسر آئے گی اور دور دراز سفر کی مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔



