کھیوڑہ میں جرائم پیشہ عناصر بے لگام، نامعلوم ڈاکیت شہری سے موبائل اور نقدی لے کر فرار

پنڈدادنخان: پولیس چوکی کھیوڑہ کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر سرگرم،سرعام مسلح ڈکیتی کی واردات، نامعلوم ڈکیت اسلحہ کی نوک پر وڑاہ بلند خان کے رہائشی سے موبائل اور نقدی لے کر فرار ہوگئے،کھیوڑہ پولیس کے اہلکار ناکوں تک محدود ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں پولیس چوکی کھیوڑہ کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر ایک بار پھر سرگرم ہو گئے، سرعام اسلحہ کے زور پر ڈکیتی کی واردات کے دوران نامعلوم موٹر سائیکل سوار شہری سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے جبکہ پولیس جرائم کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

گزشتہ روز شام تقریباً سات بجے دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار جنہوں نے نقاب بھی نہیں پہن رکھا تھا وڑاہ بلند خان کے قریب زیر تعمیر نہر کے ٹریک پر ایک شہری کو اسلحہ کی نوک پر روک کر موبائل اور نقدی چھین کر با آسانی فرار ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ کھیوڑہ پولیس کے اہلکار صرف چوکی کے سامنے ناکے لگا کر مقامی شہریوں کو روکنے اور تنگ کرنے میں مصروف رہتے ہیں، جبکہ اصل جرائم پیشہ عناصر آزاد گھوم رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی کھیوڑہ میں چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ہو چکی ہیں، مگر پولیس تاحال کسی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کھیوڑہ شہر میں اکثر مشکوک افراد دوسرے شہروں سے آ کر پھیری والوں کے روپ میں بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں پر گھومتے دکھائی دیتے ہیں، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او جہلم اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کھیوڑہ میں بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور چوکی کھیوڑہ میں قابل، فرض شناس اور چاق و چوبند عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button