صفائی نصف ایمان ہے اور ایک صاف ستھرا جہلم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ستھرا پنجاب مہم کے تحت ضلع جہلم کی تمام یونین کونسلز میں صفائی کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے، جس کی نگرانی ضلعی انتظامیہ کے افسران خود کر رہے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کے علاقے میں صفائی کا مناسب بندوبست نہ ہو تو وہ کسی بھی وقت متعلقہ افسران کو شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے یونین کونسل نمبر 16 اور 17 کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اہلکاروں کی جانب سے ستھرا پنجاب مہم پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی سی میثم عباس نے عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے اور صفائی کے نظام کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں موجود کچرے کے ڈھیروں کو روزانہ کی بنیاد پر صاف کیا جائے اور عملہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کوئی بھی کوڑا کرکٹ سڑکوں یا گلی محلوں میں نہ پھینکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو آگاہی دی جائے کہ گھریلو کوڑا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائی گئی مخصوص ڈسٹ بن میں ڈالیں تاکہ شہر کی خوبصورتی اور ماحولیات کو برقرار رکھا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے اور ایک صاف ستھرا جہلم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔



