عیدالاضحیٰ؛ جہلم شہر میں جگہ جگہ غیرقانونی مویشی پوائنٹس قائم، ٹریفک نظام درہم برہم

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات کے باوجود جہلم انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی برقرار، شہر کے گلی محلوں، چوک چوراہوں اور سڑکوں کے اطراف میں غیرقانونی مویشی پوائنٹس قائم ہو گئے، جس کے باعث شہر کا ٹریفک نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے انتظامیہ کی جانب سے مخصوص مویشی منڈیوں کا اعلان کیا گیا تھا، مگر اس کے باوجود جہلم شہر میں جگہ جگہ غیرقانونی مویشی پوائنٹس قائم ہو چکے ہیں۔ ان پوائنٹس پر جانوروں کی موجودگی سے نہ صرف ٹریفک جام رہنے لگا ہے بلکہ شہریوں، خاص طور پر چھوٹی گاڑیوں اور ایمبولینسز کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ان مسائل سے مکمل لاتعلقی اختیار کر رکھی ہے۔ غیرقانونی منڈیوں کے باعث نہ صرف سڑکیں تنگ ہو گئی ہیں بلکہ گندگی، تعفن اور بیماریوں کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے اور غیرقانونی مویشی پوائنٹس کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب انفارمیشن آفس کے مطابق بلدیاتی میونسپل کمیٹیوں کے ذمے داران نے اندرون شہر قائم غیرقانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے اسپیشل اسکواڈ تشکیل دے دیا ہے۔ یہ اسکواڈ موقع پر پہنچ کر خود ساختہ مویشی منڈیوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرے گا اور وہاں موجود جانوروں کو سرکاری طور پر مختص کردہ مویشی منڈیوں میں منتقل کیا جائے گا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہر میں صفائی ستھرائی برقرار رکھنا، ٹریفک کا بہتر بہاؤ ممکن بنانا اور عوامی سہولت کو یقینی بنانا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیرقانونی مویشی پوائنٹس سے جانور نہ خریدیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ موثر کارروائی کی جا سکے اور شہر کو صاف، منظم اور محفوظ بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button