سانحہ 9 مئی کے ذمہ داران کیساتھ کوئی کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے، پی پی رہنما

بریڈفورڈ: چیف آرگنائزر بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ و صدر پی پی پی بریڈ فورڈآصف نسیم راٹھور اور صدر مذہبی اُمور پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ علامہ قاری محمد عباس نے قابل مذمت سانحۂ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین دن کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ 9مئی کے ذمہ داران کیساتھ کوئی کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہو نا چاہئے۔ سانحۂ 9 مئی 2023ء کے یوم سیاہ پر پی ٹی آئی کی طرف سے ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے ذریعے افواجِ پاکستان نے سانحۂ 9 مئی کے یومِ سیاہ کے حوالے سے حقیقت پر مبنی واضح مؤقف پیش کیا ہے۔ ہماری قومی تاریخ کے اس سیاہ دن، سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسند عناصر نے مُلک میں بغاوت کی اور جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا۔
انہوں نے کہا کہ ان شر پسند عناصر پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں نے طے شُدہ پلان کے تحت ریاست کی مقدس یادگاروں ، مُلک کے تحفظ کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شُہداء کے مجسموں اور قومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کی توڑ پھوڑ کرنا مُلک پاکستان کے ساتھ غداری کے مترادف ہے ، کیا کوئی مُحب وطن ایسا ہولناک کردار ادا کر سکتا ہے۔ یہ ایک مخصوص جماعت کی طرف سے ایسی باغیانہ و مجرمانہ کاروائیوں کا مقصد ملک میں خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی بدترین ناکام کوشش تھی۔
پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے رہنماؤں کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی تحمل و بُردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمال مہارت سے تخریب کاروں اور ان کے سہولت کاروں اور سرغناؤں کے ساتھ ساتھ ان کے منصوبہ سازوں کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنایا، یہ شر پسند عناصر مُلک پاکستان کے دُشمن اور غدار ہیں ان سب کو عبرتناک سزائیں دی جانی چاہئے تاکہ آئندہ کسی سر پھرے پاگل آدمی پاکستانی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی جُرات نہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد مُلک میں جلاؤ گھیراؤ توڑپھوڑ اور افراتفری پھیلا کر عوام اور مسلح افواج کے درمیان نفرتیں پھیلانا اور آپس میں تصادم کو ہوا دے کر پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا تھا اس شرپسند ٹولے نے وہ کچھ کیا جو پاکستان کا دُشمن پچھتر سالوں میں بھی نہ کر سکا۔ افواج پاکستان اور عوام میں ہم آہنگی میں ناکام ہونے کے بعد سفاک اور گندی ذہنیت کے مالک سر پسند عناصر اور اس سازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور قبیح تر ین مہم شروع کی، ان مُلک دُشمن ٹولے نے بیانیے کو توڑ مروڑ کر شرمناک طریقے سے خود کو بری الذمہ قرار دینے اور الزام ریاستی اداروں پر ڈالنے کی بھی ناپاک کوشش کی۔
پی پی رہنماؤں نے کہا کہ ترجمان افواجِ پاکستان کا کہنا صحیح ہے کہ ان ہی وجوہات کی بنا پر 9 مئی کے سانحے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتہ ہو سکتا ہے اور نہ ہی انہیں قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی۔ سانحہ 9 مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی ہمارے ہیروز کی یادگاروں ، تنصیبات اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کی اسی طرح کے غلط طرزِ عمل کے ذریعے بے حرمتی کرنے کی جرأت نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت خدا داد اسلامی جمہوریۂ پاکستان دُنیا بھر میں جہاں کہیں بھی محب وطن پاکستانی آباد ہیں سبھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے نہ صرف طلباء اور طالبات کی ریلیاں نکالی گئیں بلکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بھرپور انداز میں خدا داد صلاحیتوں سے مرقع و مرصع پاک فوج کی شب و روز کی لازوال قربانیوں اور مُلک و قوم کی بے شمار خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے ، مُلکی سرحدوں کی حفاظت کرنے اور اپنی جانوں کو قربان کرنیوالے بہادر جوانوں سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لئے ریلیاں نکال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض مُٹھی بھر فتنہ پرداز سیاسی پنڈت اور خود غرض مُلک دُشمن عناصر گمراہ شُدہ نوجوان بہکاوے میں آکر کہتے تھے کہ عمران نہیں تے پاکستان نہیں کے نظریات باطلہ کا پرچار کرنے اور نعرے لگانے والے پاکستان کے دُشمن ہیں ۔اس کے علاوہ محب وطن پچیس کروڑ اکثر یتی عوام اور ملک کی سیاسی جماعتوں کی قیادت بھی افواج پاکستان سے ہر لحاظ سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کررہی ہے۔ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ہمہ وقت کھڑی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ یہ چیز مشاہدے میں بھی آئی ہے کہ ایک عام آدمی ، دکاندار،غریب مزدور ، ریڑھی بان،شہری دیہاتی کسے باشد عام شہری کسی بھی طور پر پاکستان کی افواج سے جدا نہیں ہیں بلکہ آج بھی ہر ایک شہری کے اندر پاک فوج کے ساتھ وطن کی حفاظت کی خاطر مرمٹنے کا جذبہ و ولولہ پہلے سے کہیں زیادہ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے دل ان بہادُر و دلیر جوانوں کے ساتھ ہیں جو کہ ہر وقت مُلک و قوم کی خدمت ، شہادت کے جذبہ سے محاذوں پر کھڑے ہیں انہیں جوانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں جو موسم کی سختیوں، کھانے پینے اورآرام کی پرواہ کئے بغیراپنے بیوی بچوں ، ماں باپ ، بہن بھائی اورعزیزواقارب سے دُوراپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھے ہوئے ملک کی سرحدوں کی دن رات حفاظت کررہے ہیں اور اپنی قوم اور ماں دھرتی کی خاطر اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔



