جہلم میں یوم شہادت حضرت علیؑ کیلئے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

جہلم: یوم شہادت حضرت علیؑ کے موقع پر سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلعی پولیس، سیکیورٹی اداروں، میونسپل افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پولیس حکام نے سیکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔
میونسپل افسران نے جلوسوں کے راستوں سے تجاوزات ہٹانے اور صفائی کے انتظامات کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ یومِ علیؑ کے جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی، صفائی اور دیگر ضروری اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے یومِ علیؑ کے جلوسوں کے لائسنس داروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے تیاریوں اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے لائسنس داروں پر زور دیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ جلوسوں کے دوران امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔



