دینہ میں نامعلوم چور دیور توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کے مویشی چوری کرکے فرار

دینہ کے نواحی علاقے کالووال میں نامعلوم چوروں نے رات کی تاریکی میں دیوار توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کے مویشی چوری کر کے فرار ہو گئے۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقہ کالووال میں چوہدری ظفر حسین ولد خادم حسین کی حویلی میں یہ واردات پیش آئی، جہاں نامعلوم چور دیوار توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ چور حویلی میں بندھی ہوئی دو گائے اور دو بچھڑے چوری کر کے لے گئے، جن کی مجموعی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
واردات کا علم متاثرہ مالک کو صبح ہوا، جب اس نے دیوار ٹوٹی ہوئی اور جانور غائب پائے۔ متاثرہ شخص نے فوری طور پر پولیس تھانہ منگلا کینٹ کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامعلوم چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
علاقے کے مکینوں نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ چوروں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔



