9 مئی کے مقدمات کے تفتیشی افسر کروڑ پتی بن چکے، ہر چیز کی قیمت لگائی ہوئی ہے، فواد چوہدری

فواد چوہدری کہتے ہیں کہ 9مئی کےمقدمات کی آڑ میں پراسیکیوشن اور پولیس نے کروڑوں روپے کی دیہاڑیاں لگائی ہیں، جو لکھ پتی تھے کروڑ پتی ہوچکے ہیں۔ 9مئی کے مقدمے میں ڈالنے اور نکالنے کے لیے تفتیشیوں نے ریٹ مقرر کررکھے ہیں۔ واقعے کو ایک سال گزر چکا ہے لیکن پولیس شواہد پیش نہیں کرسکی۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ایک طرف یہ کہہ رہے ہیں کہ 9مئی پر عدالتیں فیصلے نہیں کر رہی ہیں، دوسری طرف ایک سال کے بعد بھی پولیس شواہد پیش نہیں کر پا رہی۔ ہزاروں لوگ خوار ہو رہے ہیں، سیکڑوں لوگ اورعورتیں آج بھی عدالتوں کے باہر کھڑے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد، ملتان وغیرہ میں تفتیشی کروڑ پتی ہوگئے ہیں، کسی کو شناخت پریڈ میں سے نکالنا ہے یا شامل کرنا ہے تو اس کے لاکھوں روپے موصول کر رہے ہیں، ہر ایک کا ریٹ مقرر ہے۔ پولیس اور پراسیکیوشن اس کا غلط استعمال کررہی ہے۔ ’میرے اوپر 9مہینے کے بعد 9مئی کے کیسز فائل کر دیے ہیں، ثبوت مانگو تو پتا ہی نہیں ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ 9مئی کے حوالے سے کتنی سنجیدگی ہے لیکن یہ جانتا ہوں کہ تفتیشیوں کی دیہاڑیاں لگ رہی ہیں۔ معصوم اور غریبوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ اس سارے معاملے کی میں مذمت کرتا ہوں بلکہ ہر شخص ہی کو مذمت کرنی چاہیے۔



