ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ عہدے سے سبکدوش، چارج چھوڑ دیا

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کے موقع پر جہلم پولیس اور عوام کے نام الوداعی پیغام جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج دو سال بطور ڈی پی او جہلم تعینات رہنے کے بعد اپنے عہدے کا چارج چھوڑ رہا ہوں۔ دورانِ تعیناتی ضلع جہلم کے عوام الناس قانون کی پاسدار، مہذب اور تعلیم یافتہ ثابت ہوئے، یہی وجہ ہے کہ دیگر اضلاع کی نسبت یہاں جرائم کی شرح انتہائی کم رہی۔

ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ دورانِ تعیناتی مختلف چیلنجز کا سامنا رہا تاہم جہلم پولیس کی بہترین ٹیم کی کارکردگی اور عوام الناس کے تعاون سے ان چیلنجز کو احسن طریقے سے نبرد آزما کیا گیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، عدلیہ، صحافی برادری، وکلاء صاحبان، انجمن تاجران، مذہبی رہنماؤں اور امن کمیٹیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کی معاونت اور رہنمائی سے ضلع جہلم میں امن و امان کا قیام ممکن ہوا۔

قبل ازیں ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی ضلع جہلم سے تبادلے کے موقع پر جہلم پولیس کی جانب سے جمخانہ کلب میں ایک شاندار الوداعی تقریب اور عشائیے کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس، ایس پی انویسٹی گیشن جہلم فیصل سلیم، ڈی او سپیشل برانچ، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ڈی پی اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران پولیس افسران نے ڈی پی او کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کی تعیناتی کو ضلع جہلم کا سنہرا دور قرار دیا۔ ڈی پی او جہلم نے کہا کہ جہلم کی عوام نے جو پیار دیا، وہ تاحیات یاد رہے گا۔ جہلم پولیس نے ان کی قیادت میں جو کامیابیاں حاصل کیں، وہ قابلِ تحسین ہیں۔

تقریب کے اختتام پر جہلم پولیس کے افسران اور دیگر شرکائے تقریب نے ڈی پی او کو تحائف اور پھول پیش کیے اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button