جہلم میں جی ٹی روڈ ٹریفک حادثے کا ایک اور زخمی نوجوان دم توڑ گیا، ہلاکتوں کی تعداد 3 ہو گئی

جہلم میں جی ٹی روڈ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 57 سالہ شخص کا دوسرا بیٹا بھی چل بسا۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل جہلم میں سوہاوہ کے علاقہ ڈومیلی نواحی گاؤں تپہ کی ڈھوک باباپیراگجر کا رہائشی 57 سالہ محمد آزاد ولد محمد صفدر اپنے 2 بیٹوں حسن اور حمزہ کے ہمراہ کام کی غرض سے جا رہا تھا کہ جی ٹی روڈ جہلم پر کشمیر پلازہ کے قریب سڑک پر اچانک کتا آجانے کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہوکر ٹرک سے ٹکرا گیا۔
حادثہ میں 57 سالہ محمد آزاد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے دو بیٹے 27 سالہ حسن اور 22 سالہ حمزہ شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 22 سالہ حمزہ بھی جان کی بازی ہار گیا۔
حادثہ میں زخمی ہونے والے 27 سالہ حسن کی حالت تشویشناک تھی جسے فوری طور پر راولپنڈی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔



