جہلم میں تجاوزات کے خلاف ہومیو پیتھک آپریشن، دکانداروں نے دوبارہ سڑکوں پر دکانیں لگا لیں

جہلم: میونسپل کمیٹی کا تجاوزات کے خلاف ہومیو پیتھک آپریشن ، چند گھنٹے بعد دکانداروں نے دوبارہ سڑکوں پر دکانیں لگا لیں، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی جہلم کی انتظامیہ نے فوٹو سیشن کرنے کے لئے چند گھنٹے شاندار چوک سے ملحقہ بازاروں میں قائم ہونے والی تجاوزات ختم کیں، اس طرح چند گھنٹے بعد بااثر دکانداروں نے میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسدادِ تجاوزات کی سرپرستی میں دوبارہ سڑکوں پر تجاوزات قائم کرکے کشادہ سرکوں کو تنگ و تاریک گلیوں میں تبدیل کردیا۔
اس حوالے سے شہری تنظیموں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے احکامات جاری کررکھے ہیں۔ میونسپل کمیٹی جہلم کی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف ہومیو پیتھک آپریشن کیا ، تصویریں بنوائیں اورا علیٰ افسران کے وٹس ایپ گروپس میں اپ لوڈ کردی گئیں ، اس کے بعد دکانداروں نے حسب ِ سابق روایت چند گھنٹوں بعد سڑکوں پر دکانیں قائم کرلی ہیں۔
شہری تنظیموں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیاہے کہ شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں قائم ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کے سختی سے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہری کی سڑکیں اور بازار کشادہ ہوں اور شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔



