ڈی پی او جہلم کا ٹریفک لائسنس سینٹر دینہ کا معائنہ، شہریوں کے لیے جدید سہولیات کا جائزہ لیا

دینہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے ٹریفک لائسنس سینٹر دینہ کا خصوصی وزٹ کیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وزٹ کے دوران ڈی ایس پی ٹریفک نے نئے قائم شدہ لائسنس سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا بغور جائزہ لیا اور موقع پر موجود عملے سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے کام کے طریقہ کار کا معائنہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جدید سینٹر شہریوں کو بغیر کسی پریشانی کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی سہولت فراہم کرے گا جبکہ ٹریفک کے نظم و ضبط میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
ڈی پی او جہلم کا مزید کہنا تھا کہ نئے لائسنسنگ سینٹر کا قیام عوام کو سہولت، شفافیت اور قانون کی بالادستی کے نئے دور میں داخل کرنے کی عملی کوشش ہے تاکہ شہریوں کو بروقت اور شفاف سہولیات میسر آسکیں۔



