جہلم کے صحافی گجرات کے صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، عامر کیانی

جہلم پریس کلب کا ہنگامی اجلاس صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ اجلاس میں گجرات پریس کلب کے صدر مرزا عبدالستار، سید نوید حسین شاہ، رانا شہزاد اور سید ذوالفقار شاہ کے خلاف محکمہ صحت گجرات کی جانب سے درج جھوٹے مقدمے کی شدید مذمت کی گئی۔

صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی نے کہا کہ گجرات کے صحافیوں کا "جرم” صرف یہ ہے کہ انہوں نے مظلوم شہریوں کی آواز اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے کے لیے اپنی صحافتی ذمہ داریاں ادا کیں، جس پر محکمہ صحت کے متعلقہ افسران نے اپنی اصلاح کرنے کے بجائے ان کے خلاف بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمات درج کرا دیے۔

چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود نے کہا کہ ڈی پی او گجرات کو مقدمہ درج کرنے سے پہلے انکوائری کروانی چاہیے تھی تاکہ حقائق سامنے آتے اور انصاف کا بول بالا ہوتا۔ وائس چیئرمین چوہدری ظفر نور نے کہا کہ صحافیوں کو پبلک مقامات پر جا کر رپورٹنگ کرنا ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے، اسے جرم قرار دینا سراسر ظلم اور آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے۔

صدر عامر کیانی نے واضح کیا کہ جہلم کے صحافی گجرات کے صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور جب بھی آواز دی گئی، وہ فرنٹ فٹ پر ہوں گے۔

سینئر صحافی ملک فدا نے کہا کہ صحافت کوئی جرم نہیں، سچ بولنے والوں کو دبانے کی کوشش نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ جمہوری اقدار کے بھی خلاف ہے۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ حکومت پنجاب فوری طور پر معاملے کا نوٹس لے۔

جہلم پریس کلب نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ جھوٹے مقدمے خارج کروائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ صحافیوں کو آزادی اور تحفظ میسر ہو۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button