سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے رمضان سہولت بازار فعال کر دیے ہیں، ڈپٹی کمشنر جہلم


جہلم: رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ نے رمضان سہولت بازار کو مکمل فعال کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے رمضان سہولت بازار میں لگائے گئے اسٹالز کا جائزہ لیا اور اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور قیمتوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی کے افسران نے انہیں رمضان بازار میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور اشیائے خوردونوش کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت بازار قائم کیا گیا ہے، جہاں معیاری کھانے پینے کی اشیاء شہریوں کو سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کو ہدایت کی کہ رمضان بازار کو جلد از جلد مکمل کر کے شہریوں کے لیے سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے بازار میں آنے والے شہریوں کے لیے بہترین پارکنگ، میڈیکل کیمپ اور دیگر سہولیات کے انتظامات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سہولت بازار کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے اور انتظامیہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کرے گی۔



