جہلم میں مویشی چوری کرنے والے دو ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے مویشی چوری کے مقدمہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ چوری شدہ مویشی فروخت کرکے حاصل کی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم میں ڈی ایس پی صدر سرکل کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ چوٹالہ اور ان کی ٹیم نے مویشی چوری کے مقدمہ میں موثر کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان سے چوری شدہ مویشی فروخت کرکے حاصل کی گئی ایک لاکھ 70 ہزار روپے کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واردات کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مویشی چوری دیہی علاقوں میں ایک سنگین مسئلہ ہے اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مویشی چوری سمیت ہر قسم کے جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور پولیس عوام کے تعاون سے امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہے۔



