جہلم میں مبینہ پولیس مقابلہ، موٹرسائیکل چور زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار

جہلم: ریلوے کوارٹروں کے قریب سی سی ڈی ٹیم اور چوروں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس میں موٹرسائیکل چوری میں ملوث ملزم اویس ارشد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔

ترجمان سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس نے جہلم کے علاقے شانت نگر کے قریب ریڈ کیا۔ جیسے ہی پولیس موقع پر پہنچی، ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی کے دوران ملزم اویس ارشد ولد محمد ارشد ساکن کھاریاں (حال مقیم جہلم) اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا اور پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔

پولیس نے گرفتار ملزم سے پسٹل بھی برآمد کر لیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی عاصم اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اس کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

سی سی ڈی کے مطابق ملزم اویس ارشد کئی ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا اور شہر میں جرائم کی وارداتوں میں سرگرم تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشنز مزید تیز کیے جا رہے ہیں اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button