عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، آر پی او بابر سرفراز

پنڈدادنخان: آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کی روشنی میں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ تھانہ پنڈدادنخان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل سے پولیس افسران کو آگاہ کیا۔
آر پی او ربابر سرفراز نے سائلین کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ "عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، کھلی کچہریاں اسی مقصد کے لیے منعقد کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کی بات براہِ راست سنی جا سکے۔”
شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا بہتر ہوتی ہے۔ آر پی او نے کچہری کے دوران بچوں اور بچیوں کے ساتھ ہراسگی کے متعلق حفاظتی تدابیر پر بھی شرکاء کو بریفنگ دی۔
تھانہ جات، دفاتر اور پولیس خدمت مرکز کا دورہ
آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ تھانہ پنڈدادنخان، تھانہ للِہ اور زیرِ تعمیر پولیس خدمت مرکز پنڈدادنخان کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے پولیس دفاتر، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ، میس ہال اور تھانوں کی صفائی و سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی پی او جہلم نے ہدایت کی کہ تھانوں میں صفائی کے معیارات کو بہتر بنایا جائے، جبکہ ایف آئی آر کے اندراج کو آئی جی پنجاب کی ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے گا۔
چینی باشندگان کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ
آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او جہلم نے چائینز گارڈ ایل سی آئی کھیوڑہ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے چینی باشندوں کی رہائش گاہوں اور کام کی جگہوں کا معائنہ کیا اور ان کی سیکیورٹی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ آر پی او نے کہا کہ "چائنیز باشندے ہمارے وی آئی پی مہمان ہیں، ان کی حفاظت میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔”
تھانوں کی تعمیر و جدید سہولیات کی فراہمی
آر پی او راولپنڈی نے تھانہ للِہ کی نئی عمارت کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی عمارتوں کی تعمیر سے نہ صرف پولیس اہلکاروں کو بہتر سہولیات ملیں گی بلکہ عوام کے لیے بھی پولیس سروسز کا معیار بہتر ہو گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام افسران سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کریں۔ پولیس کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھانوں اور دفاتر کے وزٹ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔



