ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم کا عید الاضحیٰ کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت

جہلم: عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو نے پولیس لائن جہلم میں واقع یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے پولیس لائنز میں عید کی نماز ادا کی اور تمام پولیس افسران و جوانوں کو عید کی مبارکباد دی۔ بعد ازاں پولیس لائن میں افسران، جوانوں اور شہدائے جہلم کی فیملیز کے لیے خصوصی دعوتِ عید کا اہتمام کیا گیا، جس میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
ڈی پی او جہلم نے شہداء کی فیملیز سے ملاقات کی، ان کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہوئے اور ان کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پولیس جوانوں کے ساتھ کھانا کھایا اور خوشگوار ماحول میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "پولیس کے افسران و جوان ہماری فیملی ہیں، ان کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہونا ہمارا فرض ہے۔”
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ پولیس فورس عید الاضحیٰ جیسے اہم مواقع پر بھی اپنے فرائض منصبی انجام دے رہی ہے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اس موقع پر کہا کہ شہدائے پاکستان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم اپنی عیدیں آزادی اور امن کے ساتھ منا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہداء کی فیملیز کو یاد رکھنا اور ان کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شامل ہونا ہماری اجتماعی ذمے داری ہے۔



