دینہ میں ٹرک کنڈیکٹر کو بدفعلی کا نشانہ بنانے والے 3 ملزمان گرفتار

دینہ: ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ٹیم کی کامیاب کارروائی، کنڈیکٹر سے بدفعلی کے مقدمہ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
جہلم کی تحصیل دینہ میں ٹرک کنڈیکٹر کے ساتھ بدفعلی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ کنڈیکٹر کی مدعیت میں تھانہ دینہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکے نے بیان دیا کہ وہ ایک سال سے ٹرک ڈرائیور حسنین کے ساتھ بطور ہیلپر کام کر رہا تھا، دوران ڈرائیونگ حسنین اور اس کے دیگر ساتھی مختلف جگہوں پر لے جا کر زبردستی بدفعلی کرتے رہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکے نے بتایا کہ حسنین اکثر اوقات دھمکی دے کر اپنے دیگر ڈرائیور دوستوں کے پاس چھوڑ دیتا تھا جو اسے مختلف جگہوں پر لے جا کر زیادتی کا نشانہ بناتے تھے۔ مقدمہ نمبر 0588/24 بجرم دفعہ 377 درج کیا گیا۔
دینہ پولیس کی تیز ترین کارروائی میں مرکزی ملزم حسنین، جاوید اور مخدوم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ایس ایچ او تھانہ دینہ کا کہنا ہے کہ ڈی پی او جہلم کی واضح ہدایت ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کے ساتھ زیادتی جیسے گھناونے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پولیس نے مزید کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور متاثرہ لڑکے کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔



