دینہ میں پولیس نے چار ملزمان کو شراب اور ہیروئن سمیت پکڑ لیا

دینہ: تھانہ دینہ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں، شراب سپلائی اور منشیات فروشی میں ملوث 4 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 30 لیٹر شراب اور 1 کلو 160 گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ دینہ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے مختلف کارروائیوں کے دوران شراب سپلائی میں ملوث تین ملزمان امجد حسین، ہارون اور عارف محمود کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 30 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ تینوں ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
اسی طرح ایک اور کارروائی میں تھانہ دینہ پولیس نے منشیات فروش ملزم عبدالقادر کو گرفتار کیا، جس کے قبضہ سے 1 کلو 160 گرام اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد ہوئی۔ ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شراب سپلائرز اور منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں، ان کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن پوری شدت سے جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



