پنڈدادنخان میں ہونے والی ڈکیتیوں میں ملوث گروہ کا سرغنہ گرفتار، اہم انکشافات کی توقع

جہلم/ پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ جلالپورشریف کے علاقوں میں چند ماہ قبل تواترکے ساتھ ہونے والی ڈکیتیوں میں ملوث گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا، اہم انکشافات کی توقع ہے۔
رواں سال یکم رمضان المبارک کی شام کو ڈاکوؤں نے پہلی ڈکیتی کی واردات سبزی منڈی پننوال کے تاجر کی دکان پر کی جس میں ڈاکوؤں نےاسلحہ کے زور پر لاکھوں روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔
اس کے چار روز بعد 15/16 مارچ کی درمیانی شب دوسری بڑی واردات جلالپورشریف وگھ روڈ پر ایک گھرمیں ہوئی۔ ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر 5 تولےطلائی زیورات، 6 عدد موبائل فونز چھین کر باآسانی فرار ہو گئے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ وارداتیں تھانہ جلالپورشریف کی بغل میں ہوئیں اور ملزمان بلا خوف و خطر مسلح ہو کر سڑکوں پرمٹر گشت کرتے اور خوف ودہشت کی علامت بنے رہے تاہم مذکورہ ڈکیت گینگ کے سرغنہ کوتھانہ جلالپور شریف میں متاثرہ فیملی کے ارکان نےشناخت پریڈ کے بعد پہچان لیا۔
انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ محکمہ پولیس کے چند افسران ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو بچانے اور حقائق کومسخ کرنے کیلئے متحرک ہیں اور غیر جانبدارانہ تفتیش میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
اہل علاقہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ ملزم کی تفتیش تھانہ جلالپور شریف کی بجائے سی آئی اے سٹاف جہلم کے سپُرد کی جائے تاکہ غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوسکے اور اصل حقائق منظر عام پر آسکیں۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



