جلالپور شریف زلزلہ متاثرین کی داد رسی کیلئے فوری حکومتی اقدامات ناگزیر ہیں، بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد

پنڈدادنخان: حلقہ پی پی 27 سے منتخب رکن پنجاب اسمبلی بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں زلزلے سے متاثرہ جلالپور شریف اور گردونواح کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں۔

دورے کے دوران انہوں نے زلزلے کے باعث مکان کا ملبہ گرنے سے جاں بحق ہونے والے 14 سالہ عمر سلطان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ زلزلے کے نتیجے میں جلالپور شریف میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ متعدد مکانات میں خطرناک دراڑیں پڑ چکی ہیں جبکہ کئی گھر رہائش کے قابل نہیں رہے۔ اسی طرح متعدد دکانیں بھی متاثر ہوئی ہیں جس سے مقامی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے ایک بیوہ خاتون کے گھر کا بھی دورہ کیا جس کا مکان زلزلے کے باعث مکمل طور پر منہدم ہو چکا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی نے متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری امدادی اقدامات یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب کو فوری طور پر ماہرین پر مشتمل خصوصی سروے ٹیم تشکیل دینی چاہیے تاکہ نقصانات کا حقیقت پر مبنی تخمینہ لگایا جا سکے اور متاثرین کو بروقت مالی امداد اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کرتے ہوئے ان کے حقوق کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button