میونسپل کمیٹی کی عدم توجہی، آوارہ مویشیوں کا شہر کی سڑکوں پر راج، شہری مشکلات کا شکار

جہلم: میونسپل کمیٹی جہلم کی غفلت کے باعث اندرون شہر کی سڑکیں آوارہ مویشیوں کا مسکن بن گئیں، اسکول و کالجز جانے والے طلبہ اور دفاتر کے ملازمین کو شدید دشواری کا سامنا۔ آوارہ گائے، بھینسیں اور بکریاں نہ صرف ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہیں بلکہ محکمہ جنگلات کی جانب سے لگائے گئے سرسبز پودوں کو بھی نقصان پہنچانے لگیں۔
علی الصبح شہری اپنے مویشی گھروں سے نکال کر سڑکوں پر چھوڑ دیتے ہیں، جس سے ٹریفک جام اور حادثات کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ جانور، ہارن اور شور سن کر سڑک کے بیچ کھڑے ہو جاتے ہیں اور خوفزدہ ہوکر اچانک دوڑ لگانے سے موٹرسائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو زخمی کر دیتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ مویشی سڑکوں کے کنارے لگے پودوں کو چارے کے طور پر استعمال کرتے ہیں، جس سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس، ایڈمنسٹریٹر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ مویشیوں کو فوری طور پر میونسپل کمیٹی کے سرکاری پھاٹک میں بند کیا جائے اور مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں تاکہ حادثات میں کمی اور شہر کے لگائے گئے پودے محفوظ رہ سکیں۔



