الیکٹرک بس سروس منصوبہ جہلم کیلئے ایک تاریخی قدم، جلد آغاز ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت شہر میں عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں الیکٹرک بسوں کی آمد، آپریشنل حکمت عملی، اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کا بنیادی مقصد جہلم شہر میں ماحول دوست، جدید اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر میں الیکٹرک بسوں کے روٹس، بس سٹاپس کے انفراسٹرکچر کی تیاری، اور شہریوں کو ان سہولیات فراہم کرنے کے ٹائم لائنز پر خصوصی توجہ دی۔

میر رضا اوزگن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرک بسوں کا منصوبہ نہ صرف شہریوں کے لیے جدید اور آسان سفری نظام فراہم کرے گا بلکہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی غیر ضروری تاخیر یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ محکمے آپس میں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ منصوبے کی عملی تکمیل کے لیے تمام اقدامات بروقت اور مؤثر انداز میں کیے جائیں تاکہ شہری جلد از جلد سستی، محفوظ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جہلم کے لیے ایک تاریخی قدم ہوگا اور اس کی کامیاب تکمیل ضلع کی ترقی اور شہری سہولت کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button