ناپ تول میں کمی و بیشی کرنے والوں کے خلاف ایکشن، ایک پٹرول پمپ سیل

جہلم: ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب لاہور اور ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر ضلعی انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے ناپ تول میں کمی و بیشی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد پٹرول پمپس اور دکانوں کا معائنہ کیا۔ دورانِ چیکنگ ناپ تول میں کمی پائے جانے پر 95 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ ایک پٹرول پمپ کو "کے فارم” نہ ہونے کی وجہ سے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم اور ڈپٹی کنٹرولر اوزان و پیمائش جہلم کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اوزان و پیمائش چیک کرنے والی ٹیم نے ضلع بھر میں مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ ٹیم نے پٹرول پمپس، دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز پر پیمائش اور اوزان کے معیار کو چیک کیا۔ ناپ تول میں کمی پائے جانے پر متعلقہ ذمہ داران کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی گئی۔

ڈی او انڈسٹریز جہلم نے بتایا کہ شہریوں کو اس حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کی جا رہی ہے کہ اگر کسی جگہ ناپ تول میں کمی یا دھوکہ دہی کی شکایت ہو تو وہ براہِ راست متعلقہ ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹری جہلم کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ناپ تول میں کمی و بیشی کرنے والے کسی بھی صورت رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ شہریوں اور میڈیا نمائندوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اس ضمن میں تعاون کریں تاکہ عوام کو درست پیمائش اور معیار کے مطابق اشیاء فراہم کی جا سکیں۔

ڈی او انڈسٹریز جہلم نے مزید کہا کہ اگر محکمہ کو درکار سٹاف کی کمی پوری کر دی جائے تو ضلع میں کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے اور بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button