بحالی کا کام جلد مکمل کر کے اسپورٹس جمنازیم کھلاڑیوں کیلئے فعال بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ضلع میں جاری ریہیبیلیٹیشن اسکیم (اسپورٹس جمنازیم جہلم) کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ عبداللہ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر چوہدری محمد طارق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے جاری کاموں کی رفتار اور معیار کا بغور معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے کے تمام مراحل کو معیاری تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کنٹریکٹر کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بحالی کے کام کو تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور کسی بھی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے نہایت ضروری ہے اور ضلعی انتظامیہ اس عمل کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم اثاثہ ہے، اسے جلد از جلد فعال بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو معیاری تربیت اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور اسے جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے، تاکہ شہری اس سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔



