پنجاب حکومت نے رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس قائم کردی

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کے جان و مال اور سرکاری املاک کے تحفظ کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کی پہلی باقاعدہ رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس کے قیام کی منظوری دے دی۔ اس فورس کا مقصد مشتعل ہجوم کو مؤثر اور پیشہ ورانہ انداز میں قابو میں لانا اور سرکاری و نجی املاک کو نقصانات سے بچانا ہے۔

وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر فاروق آباد ٹریننگ سنٹر میں اس فورس کی تربیت مکمل کی گئی۔ ابتدائی مرحلے میں فورس میں 5 ہزار اہلکار شامل کیے جائیں گے، جن میں سے پہلے بیچ کے 3 ہزار اہلکاروں کی تربیت مکمل ہونے پر پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں نے عملی مظاہروں کے ذریعے ہجوم کو قابو پانے کی مہارتیں پیش کیں۔

رائٹ مینجمنٹ پولیس کے ان جوانوں کی ریجنل ہیڈکوارٹرز میں تعیناتی عمل میں لائی جائے گی، جہاں ہر ریجن میں 250 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ یہ فورس مختلف اقسام کے ہجوم کو کنٹرول کرنے، مظاہرین سے بات چیت کے ذریعے انہیں پرامن رکھنے، اور کسی بھی قسم کی سرکاری یا نجی املاک پر منظم حملوں کی صورت میں مؤثر کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہے۔

فورس کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک جیسے امریکہ، ترکی اور یورپ کے ٹریننگ مینولز کے مطابق خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے ترکی سے تربیت یافتہ ماہرین کو بھی مدعو کیا گیا جنہوں نے اہلکاروں کو جدید ہجوم کنٹرولنگ تکنیک، ذہنی دباؤ میں فیصلہ سازی، اور پروفیشنل طرزِ عمل سکھایا۔

رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس کو خصوصی آلات، ڈاگ ہینڈلر ٹیم، سنائپرز، اور متاثرہ مقام سے انخلا کرنے والی پروفیشنل ٹیم سے بھی لیس کیا گیا ہے۔ اس فورس کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مطابق خصوصی الاؤنس بھی دیا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی خرم شکور، ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ اسد سرفراز اور دیگر اعلیٰ افسران نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ "عوام کے جان و مال کا تحفظ میری اولین ترجیح ہے۔ رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ فورس مشتعل ہجوم کے خلاف کارروائی میں اہم کردار ادا کرے گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ مشتعل ہجوم کے حملوں سے صرف املاک کو نقصان نہیں پہنچتا بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے امیج کو بھی دھچکہ لگتا ہے۔ فورس کا قیام ان عناصر کو قانون کے دائرے میں لانے اور امن و امان قائم رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

عالمی یومِ اُمید کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ امید ایک ایسا جذبہ ہے جو ہمیں مشکلات میں بھی آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی امید بن چکی ہے، اور عوام کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی جن کی انہیں امید تھی—چاہے وہ لیپ ٹاپ اسکیم، فری ادویات، اسکالرشپ، تعلیم، صحت یا چھت کی فراہمی ہو۔

وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جلد پنجاب میں ہر کسان خوشحال ہوگا، ہر طالبعلم کو جدید سہولیات میسر ہوں گی، اور ہر شہری کو احساس تحفظ حاصل ہوگا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button