دینہ میں نوسر بازوں کی دیدہ دلیری، 80 سالہ بزرگ کو اغوا کر کے رقم لوٹ لی

دینہ میں نوسر باز گروہ کی دیدہ دلیری، 80 سالہ بزرگ کو زبردستی کار میں ڈال کر اغوا کر لیا اور نقدی لوٹ کر جی ٹی روڈ پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں بلدیہ گلی منگلا روڈ دینہ کے رہائشی 80 سالہ محمد امین بٹ ولد محمد عظیم آف گگڑ کلاں صبح 8 بجے کے قریب غلہ منڈی جی ٹی روڈ سے 5 ہزار روپے کا چینج لے کر اپنی دکان کی طرف جا رہے تھے کہ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کے سامنے کار سوار تین نوسر بازوں نے انہیں گھیر لیا۔

ملزمان نے بزرگ شہری سے زبردستی پوچھ گچھ کرتے ہوئے انہیں کار میں ڈال لیا اور راولپنڈی کی جانب روانہ ہو گئے۔ راستے میں نوسر بازوں نے متاثرہ شخص پر تشدد کیا اور ان کی جیب سے 38 ہزار روپے نقدی نکال لی۔ بعد ازاں انہیں جی ٹی روڈ پر قائداعظم ٹاؤن کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

متاثرہ شہری محمد امین بٹ کی درخواست پر پولیس سٹی چوکی دینہ نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نوسر باز گروہ کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو ایسے عناصر سے محفوظ رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button