پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناقص دودھ سپلائی کرنے والے گاڑیاں پکڑ لیں، 3 ہزار لیٹر دودھ تلف

2
دینہ میں جی ٹی روڈ پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صبح سویرے کی جانے والی بروقت کارروائی میں دو گاڑیاں پکڑ کر مضر صحت اور ملاوٹی دودھ کی ترسیل کو ناکام بنا دیا۔
کارروائی کے دوران گاڑیوں میں موجود 9 ہزار لیٹر دودھ چیک کیا گیا، جس میں سے 3 ہزار لیٹر پانی ملاوٹی اور ناقص دودھ قرار پانے پر موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
یہ گاڑیاں دودھ منڈی بہاؤالدین سے دینہ، جہلم اور راولپنڈی میں سپلائی کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔ ناقص دودھ کی ترسیل کو روکنے کے لیے فوڈ اتھارٹی نے فوری طور پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم کے ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ کارروائی مخبر کی اطلاع پر جی ٹی روڈ اور پرانہ جی ٹی روڈ پر ناکے لگا کر عمل میں لائی گئی۔ دودھ بردار گاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جاتا ہے تاکہ شہریوں کو مضر صحت اور ملاوٹی مصنوعات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوراً ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔



