عوامی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن، پیمانے میں کمی پر رسولپور میں پٹرول پمپ سیل

سوہاوہ: اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے پٹرول کی ناپ تول میں کمی اور صارفین سے مبینہ دھوکا دہی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نواحی علاقے رسولپور میں ایک پٹرول پمپ کو موقع پر سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ کو شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ بعض پٹرول پمپوں پر پیمانوں میں مبینہ ہیرا پھیری کے ذریعے صارفین کو مقررہ مقدار سے کم پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔ شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ رسولپور میں واقع پٹرول پمپ کا اچانک معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران پٹرول کی فراہم کردہ مقدار مقررہ سرکاری پیمانے سے کم پائی گئی، جس پر اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پٹرول پمپ کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یا اضافہ اپنی جگہ، تاہم کسی کو بھی ناپ تول میں کمی کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے پٹرول پمپ مالکان کو خبردار کیا کہ رسولپور سمیت تحصیل سوہاوہ کے دیگر علاقوں میں پٹرول کی ناپ تول میں کمی، ملاوٹ اور صارفین سے دھوکا دہی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانوں اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عوامی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول پمپس کے ساتھ ساتھ دیگر دکانوں اور مارکیٹوں میں بھی گراں فروشی اور ناپ تول میں کمی کے خلاف باقاعدگی سے کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔



