دینہ: تحصیل کمپلیکس میں تحصیلدار آفس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا

دینہ میں طویل عرصے سے سائلین کو درپیش مشکلات کا حل نکال دیا گیا اور تحصیل کمپلیکس دینہ میں تحصیلدار آفس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی ریونیو ثانیہ صافی نے افتتاحی ربن کاٹتے ہوئے تقریب کا آغاز کیا جبکہ اس کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد چغتائی، تحصیلدار شمشیر حیدر رانجھا اور نائب تحصیلدار محمد عمران بھی موجود تھے۔
طویل عرصے تک تحصیلدار آفس کی غیر موجودگی کے باعث روزانہ آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ عوامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تحصیلدار شمشیر حیدر رانجھا اور اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے سائلین کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنے کا بندوبست کیا اور طویل عرصے سے درپیش مسائل کا حل یقینی بنایا۔
افتتاحی تقریب میں بتایا گیا کہ اب آنے والے تمام سائلین کو مناسب بیٹھنے کی جگہ، عزت و احترام کے ساتھ سروس، اور وقت پر مسائل کے حل کی سہولت میسر ہوگی۔ اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تحصیلدار آفس کے آغاز سے نہ صرف سائلین کی مشکلات کم ہوں گی بلکہ سروس ڈیلیوری میں نمایاں بہتری بھی آئے گی۔
علاقہ مکینوں اور سائلین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ یہ قدم علاقے میں خدمات کی معیار کو مزید بہتر کرے گا۔



