آندھی،بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری، عوام سے احتیاطی تدابیر کی اپیل

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے آج سے 5 جون تک صوبے کے مختلف اضلاع میں آندھی، تیز ہواؤں، بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے امکانات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، گوجرانوالہ اور حافظ آباد سمیت متعدد اضلاع میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

اسی طرح سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارشوں اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عمر جاوید کے مطابق موسم کی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آسمانی بجلی، تیز ہواؤں اور بارش کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران درختوں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور ڈھانچوں کے قریب کھڑے ہونے سے بھی اجتناب کیا جائے۔

پی ڈی ایم اے نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں اور زرعی سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں، جبکہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاحوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button