دینہ میں شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی، 10 لاکھ روپے اورمچھیرے کے بیٹوں کی شادی کا سامان جل کر خاکستر

دینہ: جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی علاقہ فرید آباد نزد دریائے جہلم بوہڑیاں روڈ پر اچانک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ نے تین گھروں کو تباہ کر دیا۔

آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں روپے کی مالیت کا سامان، مچھیرے کے دو بیٹوں کی شادی کا سامان، عید کا راشن اور 10 لاکھ روپے نقد رقم سمیت سب کچھ جلا کر خاکستر کر دیا۔

مچھیرے غلام مصطفی کے مطابق وہ اور اس کے سات عزیز ڈیم پر مچھلی پکڑنے کی مزدوری کرتے ہیں اور وہ اپنی مزدوری کی کمائی 10 لاکھ روپے گھر لے آیا تھا تاکہ عید پر اس کو تقسیم کر سکے، لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ غلام مصطفی نے اپنے دو بیٹوں کی شادی کے لیے اپنی پوری پونجی جمع کر کے سامان خریدا تھا، جن کی شادی عید کے فوراً بعد ہونی تھی، مگر وہ سب بھی آگ کی نظر ہو گیا۔

غلام مصطفی جو کل تک سات گھرانوں کا سربراہ تھا، اب بے یار و مددگار ہے اور کسی مسیحا کی امداد کا منتظر ہے۔ اس کی بوڑھی ماں اور بچے بھی پریشان حال ہیں کیونکہ ان کا سب کچھ عید سے چند دن پہلے ان کی آنکھوں کے سامنے جل گیا۔ ریسکیو 1122 کو فوری کال کی گئی تھی، مگر افسوس کہ گاڑی پہنچنے سے پہلے ہی سب کچھ تباہ ہو چکا تھا۔

غلام مصطفی نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور مخیر حضرات سے امداد کی اپیل کی ہے تاکہ وہ اس مشکل وقت میں ان کی مدد کر سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button