مسلم کمیونٹی اور مساجد کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی

گلاسگو: برطانوی حکومت کی وزیر ، پارلیمنٹری انڈر سیکرٹری آف ا سٹیٹ فار اسکاٹ لینڈ کرسٹی میکنیل نے حالیہ نسلی فسادات کے تناظر میں کمبرنالڈ گلاسگو کی مسجد کا دورہ کیا اور مسلم کمیونٹی کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کو حکومت کی طرف سے مکمل تحفظ اور تعاون کا یقین دلایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مسجد آنے کافیصلہ مسلم کمیونٹی کے لیڈروں سے ملاقات کرکے دوطرفہ بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل ڈھونڈنا ہے۔ اس سوال پر کہ حالیہ نسلی مظاہروں کے بعد مسلم کمیونٹی خاصی خوفزدہ ہےاکثر لوگ مساجد کے بجائے گھروں میں نماز پڑھنا شروع ہوگئے تھے جبکہ مسلم خواتین خصوصاً حجاب والی عورتیں اکیلاباہر جاتے ہوئے خطرہ محسوس کر رہی ہیں۔
کرسٹی میکنیل نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال کا پیدا ہونا نہایت افسوسناک ہے۔ حکومت اسلاموفوبک اور نسل پرستانہ حملوں سے نپٹنے کے لئے پوری طرح پر عزم ہے اور اس طرح کی مجرمانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے والے افراد کو عدالتیں سخت سزائیں دے رہی ہیں۔ ہم مسلمانوں اور ان کی مساجد کی حفاظت کے لئے کوئی دقیقہ فردگزاشت نہ کریں گے ۔
انہوں نے مسلم رہنماؤں سے کہا کہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اگر ان کے ذہن میں کوئی تجاویز ہیں تو بغیر کسی ہچکچاہٹ کے حکومت کے سامنے پیش کریں، ہم مجرموں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نپٹیں گے۔ ہمارے ملک کے ہر شہری کو خود کو بالکل محفوظ محسوس کرنا چاہئے۔
مسلم رہنماؤں اشرف شیخ، چوہدری اقبال، محمد پرویز، جنید اشرف وغیرہ نے کرسٹی میکنیل نے مطالبہ کیا کہ حکومت اسلاموفوبیا اور نسل پرستی کے خاتمے کے لئے مزید سخت قوانین بنائے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



