عید کی خوشیاں اور ون ویلنگ کا خطرناک جنون ایک لمحے کی غلطی ساری زندگی کا صدمہ

پنڈدادنخان: عید خوشیوں، محبتوں اور اپنوں کے ساتھ وقت گزارنے کا نام ہے۔ اس موقع پر گھروں میں رونقیں بڑھ جاتی ہیں، بچے نئے کپڑے پہن کر خوشی سے جھومتے ہیں جبکہ نوجوان دوستوں کے ساتھ خوشیاں منانے نکلتے ہیں۔
افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اسی خوشی کے موقع پر کچھ نوجوان اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ون ویلنگ جیسے خطرناک شوق کا مظاہرہ کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں اور والدین کے لیے زندگی بھر کا نہ ختم ہونے والا صدمہ چھوڑ جاتے ہیں۔
ہر سال عید کے دنوں میں سڑکوں پر ون ویلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ نوجوان موٹر سائیکل کو ایک پہیے پر چلا کر خود کو بہادر ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں، مگر حقیقت میں یہ بہادری نہیں بلکہ ایک انتہائی خطرناک عمل ہے۔ ایک لمحے کی معمولی سی غلطی یا توازن کا بگڑ جانا انسان کی زندگی کو ہمیشہ کے لیے ختم کر سکتا ہے۔
پنڈدادنخان میں آج تیز رفتاری کے باعث دو نوجوان جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد ہسپتال میں افسوسناک مناظر دیکھنے میں آئے۔ لواحقین کی آہ و بکا نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا اور عید کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔
اس موقع پر نوجوانوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ عید خوشی، امن اور محبت کا درس دیتی ہے نہ کہ خطرات اور حادثات کا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی خوشیوں کو محفوظ بنائیں، ون ویلنگ جیسے خطرناک عمل سے مکمل اجتناب کریں اور اپنے والدین کی امیدوں کو زندہ رکھیں تاکہ ہماری عید واقعی خوشیوں بھری اور محفوظ بن سکے۔



