پنڈدادنخان میں شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا

پنڈدادنخان اور اس کے گردونواح کے شہریوں کو نئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹریفک آفس پنڈدادنخان میں شدید رش کے باعث شہری دربدر ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع ہیڈکوارٹر کے فاصلے اور سڑکوں کی خراب حالت کے باعث انہیں بار بار جہلم کا سفر کرنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے بلکہ اضافی سفری اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ پولیس آفس للِہ موڑ میں ڈرائیونگ ٹیسٹ صرف ماہ میں دو بار لیے جاتے ہیں، جس کے باعث ٹیسٹ کی محدود تعداد کے سبب ٹریفک آفس پنڈدادنخان میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے جس سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا عمل مزید دشوار ہو گیا ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام اور پٹرولنگ پولیس پنجاب کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولنگ پولیس للِہ موڑ آفس میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کی تعداد میں فوری اضافہ کیا جائے، تاکہ شہریوں کو بروقت اور آسانی کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس حاصل ہو سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کی تعداد بڑھانے سے نہ صرف ٹریفک آفس میں رش کم ہوگا بلکہ قانونی ڈرائیونگ کے فروغ میں بھی مدد ملے گی، جو سڑکوں پر حادثات میں کمی اور ٹریفک نظم و ضبط کے لیے نہایت ضروری ہے۔



