دینہ کی منشیات فروشہ کو جرم ثابت ہونے پر 9 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا

دینہ: منشیات فروشہ کو منشیات فروشی کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے 9 سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی عدالت نے منشیات کے مقدمہ نمبر 214/25 بجرم CNSA 9(i)3C تھانہ منگلا کینٹ کا فیصلہ سنایا۔ مقدمے کے مطابق مجرمہ روبی امتیاز نے سال 2025 میں منشیات فروشی کے جرم کا ارتکاب کیا تھا۔

عدالت نے شواہد اور ریکارڈ کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر مجرمہ روبی امتیاز کو 9 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا فیصلہ سنایا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق مجرمہ کو جدید تفتیشی طریقہ کار کے تحت ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا جبکہ ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا گیا اور مقدمے کی مؤثر پیروی کی گئی، جس کے نتیجے میں معزز عدالت نے قرار واقعی سزا سنائی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں، جن کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور اور بلاامتیاز آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے منشیات کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈی پی او جہلم نے اس کامیاب کارروائی پر انوسٹیگیشن اور لیگل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹس کے ساتھ نقد انعامات دینے کا اعلان بھی کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button