سوہاوہ کے علاقے پھڈیال میں زیر تعمیر سڑک کا غیر معیاری کام، عوام میں شدید تشویش

سوہاوہ کے نواحی گاؤں پھڈیال میں زیر تعمیر سڑک کے غیر معیاری کام پر عوام نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق سڑک کے آخری 8 کلومیٹر حصے پر اسفالٹ بچھانے کا کام جاری ہے، تاہم اس میں مقررہ معیار کی سنگین خلاف ورزیاں دیکھی جا رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نہ صرف اسفالٹ کی موٹائی مطلوبہ معیار سے کم ہے بلکہ پرائمر کوٹ کے بغیر ہی اسفالٹ ڈالنے کا عمل جاری ہے، جو کہ تعمیراتی قواعد و ضوابط اور سڑک کی پائیداری کے اصولوں کے خلاف ہے۔ ماہرین کے مطابق پرائمر کوٹ کے بغیر بچھائی گئی اسفالٹ زیادہ دیرپا ثابت نہیں ہوتی اور پہلی ہی بارش میں سڑک کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی ناقص معیار جاری رہا تو یہ سڑک چند ہی ماہ میں تباہ ہو جائے گی اور عوامی پیسہ ضائع ہو جائے گا۔ عوامی سطح پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگ متعلقہ اداروں کی خاموشی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
علاقہ کے شہریوں نے رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار ٹھیکیدار اور افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور سڑک کی تعمیر میں معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور ان کے ٹیکس کا پیسہ ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔



