موسم سرما کی تعطیلات سے قبل دبئی ایئرپورٹ کا ٹریول الرٹ جاری

دبئی: دبئی ایئرپورٹ انتظامیہ نے موسم سرما کی تعطیلات سے قبل ٹریول الرٹ جاری کردیا۔
گلف نیوز کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) اس موسم سرما کی تعطیلات میں مسافروں میں اضافے کا خیر مقدم کرنے کے لیے تیار ہے، جس میں 13 سے 31 دسمبر کے درمیان 52 لاکھ سے زیادہ مہمانوں کی آمد متوقع ہے۔
یومیہ اوسطاً 2 لاکھ 74 ہزار مسافروں کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس میں جمعہ 20 دسمبر کو تقریباً 2 لاکھ 96 ہزار مسافروں کی میزبانی کرتے ہوئے اس مدت کا مصروف ترین دن ہونے کی توقع ہے جب کہ 20 سے 22 دسمبر تک کے ویک اینڈ پربھی سرگرمیاں عروج پر ہوں گی، جس میں ایک اندازے کے مطابق 8 لاکھ 80 ہزار مہمان وہاں سے گزریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ متوقع ٹریفک میں سے 17 لاکھ مسافر دبئی پہنچیں گے اور 15 لاکھ روانہ ہوں گے جو کہ بین الاقوامی مسافروں کے لیے ایک اولین منزل کے طور پر دبئی کی بڑھتی ہوئی پوزیشن کو واضح کرتا ہے، دبئی کے ہوائی اڈے اس عروج کے دوران تمام مہمانوں کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کے تجربے کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں، آنے والے ہفتوں کے دوران سفر کرنے والوں کے لیے اپنے سفر کو ہر ممکن حد تک ہموار بنانے کے لیے چند ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مسافروں سے کہا گیا ہے کہ جلدی چیک ان کریں، اس مقصد کے لیے ایمریٹس کے مسافر ہوم چیک اِن، ابتدائی چیک اِن اور سٹی چیک اِن کی سہولیات استعمال کرسکتے ہیں، دیگر ایئر لائنز کے لیے مہمانوں کو روانگی سے کم از کم تین گھنٹے پہلے پہنچنا چاہیئے، دھاتی اشیاء اور الیکٹرانکس کو ہینڈ کیری سامان میں رکھیں، اور LAGs (مائع، ایروسول اور جیل) کے ضوابط پر عمل کرکے وقت کی بچت کریں۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اجازت یافتہ پورٹیبل الیکٹرانک ڈیوائسز، پاور بینک اور سپیئر بیٹریاں چیک ان سامان میں ممنوع ہیں اس لیے انہیں ہینڈ کیری سامان کے طور پر لے جانا چاہیئے، سمارٹ گیٹس کا استعمال کریں، 12 سال سے زیادہ عمر کے بچوں والے خاندان سمارٹ گیٹس کے ذریعے امیگریشن کا عمل تیزی سے مکمل کرسکتے ہیں، کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے سفری دستاویزات کو منظم کریں، سامان کے الاؤنسز کی جانچ کریں اور اپنی ایئر لائن کے ضوابط سے خود کو آگاہ رکھیں۔
ایڈوائزری میں بھیڑ بھاڑ سے بچنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ٹرمینلز 1 اور 3 تک آسان رسائی کے لیے دبئی میٹرو کا انتخاب کریں، الوداع کا تبادلہ گھر پر کیا جانا چاہیئے کیوں کہ مصروف ترین اوقات میں صرف مسافروں کو ہی ٹرمینلز کے اندر جانے کی اجازت ہوگی، موسم سرما کے رش کے لیے DXB کی تیاریاں دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی ہوائی اڈے کے طور پر اس کے مؤقف کو مضبوط کرتی ہیں جو تمام مسافروں کے لیے ہموار سفر کو یقینی بناتی ہیں۔



