جہلم پولیس کی ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 118 افراد کی چیکنگ

جہلم پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں دہشت گردوں، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں جہلم پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں سپیشل سرچ آپریشنز اور داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی، جس دوران 4 مختلف مقامات پر 118 مشتبہ افراد کو چیک کیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق یہ آپریشنز دہشت گردی کی ممکنہ کارروائیوں کی روک تھام، اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے کیے گئے۔ دورانِ آپریشن شہریوں کی شناخت پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویری فائی کی گئی تاکہ کسی بھی مشکوک فرد کو قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کی گئی اور مشکوک گاڑیوں اور افراد کی باقاعدہ تلاشی لی گئی۔ سرچ آپریشنز کا مقصد ناجائز اسلحہ، منشیات کی برآمدگی، مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری اور امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرنا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم، طارق عزیز سندھو نے کہا کہ "سماج دشمن عناصر کو ان کے مذموم عزائم پر عمل پیرا ہونے سے روکنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ جہلم پولیس شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔”



