جہلم کے گلی محلوں میں بھی قبضہ مافیا کا راج، گھروں کے باہر شیڈ اور تھڑوں نے راستوں کو تنگ کر دیا

جہلم شہر کے گلی محلوں میں بھی قبضہ مافیا کا راج گھروں کے باہر شیڈ اور تھڑوں نے گلی محلوں کے راستوں کو تنگ کر دیا، نئی تعمیرات میں میونسپل کمیٹی سے منظور شدہ نقشوں کی کھلے عام خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے گلی محلوں میں اکثر لوگوں نے اپنے گھروں دکانوں اور مارکیٹوں کے سامنے تین سے پانچ فٹ تک قبضے جما رکھے ہیں جس سے گلی محلوں میں راگیروں کے لیے مسائل پیدا کر دیے گئے ہیں، گلی محلوں میں گھروں کے باہر ناجائزتھڑے اور بڑے ہوئے شیڈزنے شہر کے گلی محلوں کا حسن تباہ کر دیا ہے۔
شہر میں مختلف تعمیرات میں منظور شدہ نقشہ جات کی کھلے عام خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ،لمحہ فکریہ یہ ہے کہ تجاوزات اس حد تک بڑھ گئیں ہیں کہ راہگیروں کو گزرنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے لوگ راستے تنگ کر کے بھی انتہائی مطمئن دکھائی دیتے ہیں حالانکہ اسلامی تعلیمات میں راستے کھلے رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
بعض افراد نے تو ایک ایک کنال کے محل تعمیر کرنے کے باوجود گلی محلوں کے راستوں پر قبضے کر رکھے ہیں، راستے تنگ کر کے اپنے یا اپنے پیاروں کے جنازوں کے نکلنے کی جگہ کو بھی تنگ کر دیا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کمیٹی سے مطالبہ کرتے ہوئے صورتحال کا نوٹس لے کر راستے واگزار کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔



