میجر اکرم شہید روڈ اور ضلع کچہری کے اطراف سٹریٹ لائٹس بند، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

جہلم: میونسپل کمیٹی جہلم کے شعبہ الیکٹرک سٹی کی ناقص کارکردگی کے باعث شہر کے مصروف ترین علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کئی روز سے بند پڑی ہیں، جس کے نتیجے میں میجر اکرم شہید نشانِ حیدر روڈ اور ضلع کچہری کے اطراف شام ڈھلتے ہی اندھیرا چھا جاتا ہے اور شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
میجر اکرم شہید روڈ شہر کی اہم شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے جبکہ ضلع کچہری کے اطراف روزانہ سینکڑوں سائلین، وکلاء اور سرکاری ملازمین کا آنا جانا رہتا ہے اور متعدد سرکاری دفاتر اور افسران کی رہائش گاہیں بھی اسی علاقے میں واقع ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اندھیرے کے باعث چوری، حادثات اور دیگر جرائم کے خدشات بڑھ گئے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے یہ صورتحال سازگار بنتی جا رہی ہے۔
شہری حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی ہر سال سٹریٹ لائٹس کی مد میں لاکھوں روپے کے فنڈز مختص کرتی ہے، مگر اس کے باوجود کئی ماہ تک لائٹس کا غیر فعال رہنا متعلقہ عملے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر فنڈز موجود ہیں تو شہر تاریکی میں کیوں ڈوبا ہوا ہے؟
متاثرہ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹریٹ لائٹس کو جلد از جلد بحال کیا جائے اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لے کر شہریوں کو درپیش اس مسئلے کا فوری حل نکالا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔



