جہلم میں ہوٹلز مالکان بے لگام، رمضان المبارک کا تقدس پامال کیا جانے لگا، انتظامیہ خاموش؟ شہریوں کا سخت ردعمل

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں رمضان المبارک کے دوران دن کے اوقات میں بعض ہوٹلوں پر کاروباری سرگرمیاں جاری رہنے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کے مطابق شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں بعض ہوٹل مالکان روزے کے اوقات میں کھلے عام یا پردے ڈال کر کھانے پینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جس سے رمضان المبارک کے تقدس کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ قانون موجود ہونے کے باوجود اس پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ شہریوں نے سوال اٹھایا کہ آیا متعلقہ ادارے اس صورتحال سے لاعلم ہیں یا اس معاملے پر چشم پوشی اختیار کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا الزام ہے کہ بعض بااثر ہوٹل مالکان کارروائی سے بچ جاتے ہیں جبکہ انتظامیہ کی خاموشی اس عمل کو مزید تقویت دے رہی ہے۔
سماجی اور مذہبی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے روزے کے اوقات میں ہوٹل کھولنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی اقدامات یقینی بنائیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے احترام کو برقرار رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ فوری اقدامات کرتے ہوئے اس مسئلے کا حل نکالے گی تاکہ شہر میں رمضان المبارک کے تقدس کو یقینی بنایا جا سکے۔



