جہلم شہر اور مضافاتی علاقوں میں قد آور قاتل ہورڈنگ بورڈز کی بھرمار

جہلم شہر اور مضافاتی علاقوں میں قد آور قاتل ہورڈنگ بورڈز کی بھرمار ہے۔
اندرون شہر کی سڑکوں، پلازوں، دکانوں، مارکیٹوں کی چھتوں پر غیر قانونی طور پر بغیر منظوری کے میونسپل کمیٹی نے درجنوں ہورڈنگ بورڈز نصب کروا دیے جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، ہورڈنگ بورڈ نصب کر نے کا طریقہ کار بھی غیر معیاری ہے۔
ان غیر قانونی ہورڈنگ بورڈز کو لگانے میں بھی مروجہ قانون کی دھجیاں اڑا دی گئیں جبکہ سڑک کے اطراف لگائے گئے بورڈز ٹریفک حادثات کو دعوت دیتے نظر آتے ہیں، جہازی سائز والے ہورڈنگ بورڈز جی ٹی روڈ سمیت شہر کی اہم سڑکوں چوک چوراہوں سے چند فٹ کے فاصلے پر نصب ہیں،جو کسی بھی وقت آندھی یا طوفان آنے سے جانی و مالی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر راولپنڈی ،ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر سمیت ضلع بھر کی سڑکوں ، عمارتوں پر نصب ہورڈنگ بورڈز کو فوری ویران علاقوں کی سڑکوں پر منتقل کرانے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ شہر میں کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آسکے۔



