شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیر صدارت ڈی پی او آفس جہلم میں ویڈیو لنک کے ذریعے کرائم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور ڈی پی او آفس کی مختلف برانچز کے انچارجز نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران ڈی پی او جہلم نے افسران کو ہدایت دی کہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں سراغ رسانی، ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ایسے کسی بھی واقعہ کی اطلاع ملنے پر متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔
ڈی پی او جہلم نے مزید ہدایت کی کہ ایس ڈی پی اوز تفتیش کے عمل کو خود مانیٹر کریں اور تفتیش کے معیار کو بہتر بنائیں تاکہ ملزمان کو عدالتوں سے قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمانہ احتساب کے لیے تمام افسران خود کو تیار رکھیں اور کرپشن یا شہریوں سے بدسلوکی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
میٹنگ میں عید کی خریداری کے باعث بڑھتی ہوئی عوامی سرگرمیوں کے پیش نظر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں عید کے دنوں میں پولیس ڈیوٹی، ناکہ بندی، پٹرولنگ اور دیگر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔



